لکھنو 27/اکتوبر(ایس او نیوز) چھ افراد ہلاک اورچار دیگر اُس وقت زخمی ہوگئے جب ان کی کار ہائی وے پر ایک کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثہ جمعرات کی صبح پیش آیا۔
حادثہ صبح 5.45 بجے کے قریب اتر پردیش کے آلہ آباد (پریاگ راج) کے وارانسی روڈ پر ہنڈیا ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ٹویرا کار بے قابو ہو کر بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے میں چار خواتین اور ایک بچی سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگرچار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سبھی لوگ بچے کے 'منڈن' کی رسم کے لیے وندھیاچل جا رہا تھا۔
پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق، حادثے میں ایک بچی سمیت پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ پانچ دیگر کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مرنے والوں کی شناخت ریکھا دیوی (45)، کرشنا دیوی (70)، سویتا (36)، ریکھا (32) اورڈیڑھ سال کی بچی اوجس کے طور پر کی گئی ہے۔
گنگاپار کے ایڈیشنل ایس پی ابھیشیک اگروال نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کی ہر طرح کی مدد کر رہی ہے۔ان کے دفتری ذرائع کے مطابق، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے ضلع مجسٹریٹ اور ضلع کے دیگر اعلیٰ حکام کو بھی جلد از جلد موقع پر پہنچنے اور زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس کے ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولیس افسران کو موقع پر جانے اور امدادی کاموں کو جنگی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔